پاکستان

سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، کوہاٹ پولیس لائنز حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس لائنز خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ فرار ہونے والے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوہاٹ میں تھانہ ایم آر ایس کی حدود میں بازید خیل روڈ پر منکارہ پہاڑی کے قریب شام ساڑھے 6 بجے کیا گیا، کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والےدہشت گردوں کی کی شناخت عبدالحئی سکنہ کوہاٹ اور عبدالرشید ولد نور محمد خان سکنہ دتہ خیل، شمالی وزیرستان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تیسرے ہلاک شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد عبدالحئی کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا جب کہ ہلاک عبدالرشید بھی بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین بھی برآمد کیے گئے ہیں، فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ہونے والے دیگر مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

لکی مروت میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ براگی کی حدود میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس کی کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جب کہ بارودی مواد سے بھری ایک مزدہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔

پولیس کے مطابق کچھ عرصے سے اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ دہشت گردوں نے مزدہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کررکھی ہے۔ ان اطلاعات کے بعد ضلع بھر میں پولیس آپریشنز تیز کرنے کے ساتھ گشت اور چیک پوسٹوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی تھی۔

تھانہ براگی کی حدود میں مشتبہ مزدہ گاڑی کی نشاندہی ہونے پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک خودکش حملہ آور مارا گیا جب کہ مقابلے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی، مقامی پولیس اور کوئیک رسپانس فورس کی اضافی نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور مشتبہ گاڑی کا معائنہ شروع کردیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود ڈرموں میں بڑی مقدار میں بارودی مواد موجود ہے۔پولیس کو ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker