ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے سندھ کے حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر سیاستدانوں کو اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر بات کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے، وزیراعظم اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صدر مملکت اور دیگر لوگوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، نئے صوبوں کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، اگر راستے بند کرنا شروع کر دیے تو یہ سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے، جب خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی باتوں سے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں، ملک میں ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس نظام میں ہمارے علاوہ بھی پارٹنرز موجود ہیں۔



