انٹرنیشنل

امریکاکو انتہائی مطلوب منشیات کی دنیا کا ڈان میکسیکو میں گرفتار

امریکی ایف بی آئی کے مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل منشیات کی دنیا کے ڈان ایل چاپو ایسدرو کو میکسیکو میں گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہرگواسابے میں فاؤستو ایسدرو میزا فلورس المعروف ایل چاپو ایسدرو کو میکسیکو کی فوج نے ایک بڑے اور ڈرامائی آپریشن کے بعد گرفتار کیا۔

ایل چاپو ایسدرو پر امریکا میں کوکین اور ہیروئن سمیت بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کے الزامات ہیں ۔ ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری پر 50 لاکھ ڈالر (تقریباً ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) انعام بھی مقرر کررکھا تھا۔ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچتا رہا تھا۔

کارروائی کے دوران کارٹیل جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس دوران بیس بال میچ دیکھنے آئے شائقین جان بچانےکے لیے بھاگ نکلے اور کھلاڑیوں کو بھی میدان چھوڑنا پڑا۔

میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق یہ آپریشن میکسیکو کے انٹیلی جنس اداروں اور امریکا کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کے تحت کیا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا امریکی اہلکار خود اس آپریشن میں موجود تھے یا نہیں۔

ایل چاپو ایسدرو اور دیگرگرفتار افراد کو میکسیکو کی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker