ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

سیالکوٹ کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزم مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ موترہ پولیس نے مقدمہ نمبر 1335/26 میں نامزد دونوں ملزمان کو تیسری پیشی پر سخت سیکیورٹی حصار میں ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ امانت علی نے کی۔
دونوں ملزمان کا مجموعی طور پر 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انہیں تیسری مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں بھائیوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
عدالتی احکامات کے بعد تھانہ موترہ پولیس نے مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو سخت سیکیورٹی میں جیل منتقل کردیا۔
یہ مقدمہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد کی ہلاکت کے واقعے سے متعلق ہے۔
سیالکوٹ بھگدڑ کا واقعہ کیا تھا؟
واضح رہے کہ سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس اسٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ابتدائی طور پر دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جبکہ بعدازاں زخمیوں میں شامل ریحان نامی شخص بھی لاہور کے اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مسٹر پتلو کی جانب سے سوشل میڈیا پر تقریب میں عام لوگوں کے لیے دو کروڑ روپے نقد، ایک کار، 50 موٹر سائیکلوں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی تحائف کی تقسیم کا اعلان کیا تھا۔ اس تشہیر کے باعث سیالکوٹ کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، منڈی بہاؤالدین اور نارووال سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم پہنچے تھے۔



