انٹرنیشنل

بٹ کوائن کی قیمت میں اچانک بڑی کمی، خریدیں یا بیچیں؟

مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی قیمت میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ جس کے بعد بٹ کوائن 5.10 فیصد کمی کے ساتھ 55 ہزار 830 ڈالر تک گر گیا ہے۔

یاہو فنانس کے اعداد و شمار کے مطابق بٹ کوائن نومبر کے مہینے میں اب تک 20 فیصد سے زائد گر چکا ہے، اسی وجہ سے یہ جون 2022 کے بعد اپنی بدترین ماہانہ کارکردگی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

بٹ کوائن میں فروخت کا یہ دباؤ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مصنوعی ذہانت سے متعلق کاروبار اور دیگر پُرخطر اثاثوں پر زیادہ مالیت کے خدشات اثر انداز ہو رہے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے عوامی آغاز کے بعد چپس اور دیگر ٹیکنالوجی شیئرز بھی نیچے آ رہے ہیں۔

سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد اینتھروپک کے اس آغاز کو 2026 میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کا ایک بڑا لمحہ قرار دے رہی تھی۔

امریکی اسپاٹ بٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز نے بھی فروخت کے دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔

اثاثہ جات کے انتظام سے منسلک ادارے ’فارسائیڈ انویسٹرز ’کے مطابق رواں ماہ اب تک سرمایہ کاروں نے تقریباً 3.5 ارب ڈالر نکال لیے ہیں، جن میں صرف جمعرات کے روز 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اخراج بھی شامل ہے۔

اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے بعد کرپٹو کرنسی کے طویل مدتی حامیوں میں بھی غور و فکر کا سلسلہ دیکھا جا رہا ہے۔

سرمایہ کار انتھونی پومپلیانو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے مئی میں کہا تھا کہ کرپٹو صنعت کا بیشتر حصہ ختم ہو چکا ہے اور دوبارہ واپس نہیں آئے گا، اور آج وہ اس بات پر پہلے سے کہیں زیادہ یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کے بڑے فوائد اور متاثر کن آمدنی میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بٹ کوائن، اسٹیبل کوائنز اور بعض بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ایسے استثنا ہیں جو ناگزیر طور پر برقرار رہیں گے۔

انتھونی پومپلیانو نے مزید لکھا کہ حقائق بدلنے پر اپنی رائے بدلنا یا سوچ میں ارتقا پیدا کرنا ذہانت کی علامت ہے، اور وہ بٹ کوائن کے حوالے سے پرامید ہیں تاہم اس منزل تک پہنچنے کے کئی راستے موجود ہیں۔

تجزیہ کاروں نے نشاندہی کی ہے کہ رواں سال کے سب سے بڑے عوامی حصص کے اجرا اور مصنوعی ذہانت کے وسیع تر رجحان سے بڑھتے ہوئے مقابلے کے ساتھ ساتھ بلند شرح سود بھی زیادہ خطرے والے اثاثوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث بٹ کوائن مائننگ کرنے والی بعض فرموں نے اپنے ذخائر تیزی سے فروخت کیے ہیں۔

فنڈ اسٹریٹ کے ڈیجیٹل اثاثوں کے حکمت کار شان فیرل نے جمعرات کی شام کہا کہ کرپٹو ایکسچینج کوائن بیس گلوبل بٹ کوائن کی فروخت میں پیش پیش رہی ہے، اور اگرچہ نچلی سطح بننے کے آثار ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، تاہم فروخت کا دباؤ ابھی اس سطح تک نہیں پہنچا جسے خریداری کا پرکشش موقع قرار دیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker