مصنوعی ذہانت کی مدد سے 167 سال پرانا ریاضی کا مسئلہ حل

مصنوعی ذہانت کی مدد سے ریاضی کا 167 سال پرانا مسئلہ حل کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ امریکی کمپنی اینتھروپک سے وابستہ ریاضی دان لیونٹ آلپوگے کا کہنا ہے کہ انہوں نے کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے ٹول کلاؤڈ کی مدد سے مشہور ریمان مفروضے کا ثبوت تلاش کرلیا ہے۔
یورپی نشریاتی ادارے ’یورونیوز‘ کے مطابق لیونٹ آلپوگے نے جمعے کو چار صفحات پر مشتمل ایک تحریر شائع کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ کلاؤڈ کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے انہیں اس مسئلے کا ممکنہ ثبوت ملا ہے۔
آلپوگے نے مصنوعی ذہانت کے ساتھ اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ کلاؤڈ نے آخری مرحلے میں ان سے کہیں زیادہ تیزی دکھائی۔ ان کے بقول کلاؤڈ نے اس مرحلے پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اپنے دعوے کے ساتھ کمپیوٹر کوڈ بھی فراہم کیا ہے، جو ریاضی کے ثبوت کی جانچ کے لیے استعمال ہونے والے ایک خصوصی سافٹ ویئر لین میں لکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سافٹ ویئر ان کی دریافت کی تصدیق کرتا ہے۔
اس مسئلے کو سمجھنے کے لیے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ریاضی میں بنیادی اعداد کیا ہوتے ہیں۔ ایسے اعداد جو صرف ایک اور اپنے آپ سے پورے تقسیم ہوتے ہیں، بنیادی اعداد کہلاتے ہیں، مثلاً 2، 3، 5، 7 اور 11۔
یہ اعداد ریاضی کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں اور ان کی ترتیب اور پھیلاؤ کو سمجھنا ریاضی دانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔
جرمن ریاضی دان برنہارڈ ریمان نے 1859 میں ایک مفروضہ پیش کیا تھا، جس میں بنیادی اعداد کی ترتیب اور ان کی تقسیم کے درمیان تعلق کو سمجھنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس کے مطابق ایک مخصوص ریاضیاتی مساوات کے تمام اہم صفر ایک خاص عمودی لکیر پر واقع ہوتے ہیں۔
آسان الفاظ میں یہ مفروضہ بتاتا ہے کہ بنیادی اعداد کس طرح پھیلتے ہیں اور ان کی تقسیم میں بظاہر بے ترتیبی کے پیچھے کون سا ریاضیاتی اصول کام کر رہا ہے۔ اس کی اہمیت صرف نظریاتی ریاضی تک محدود نہیں بلکہ اس کے درست یا غلط ثابت ہونے سے اعداد کی تقسیم کے بارے میں ہماری سمجھ میں بڑی پیش رفت ہوسکتی ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی نیویارک کے طبیعیات اور ریاضی کے پروفیسر برائن گرین نے آلپوگے کے پیش کردہ ثبوت کو ممکنہ طور پر گزشتہ دو صدیوں کی سب سے بڑی ریاضیاتی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ ریاضی کے تقریباً دو صدیوں پرانے بڑے چیلنج کو حل کرنے کے مترادف ہوگا، جس کے دور رس نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
اسی طرح لندن کی کوئین میری یونیورسٹی کے ریاضی کے پروفیسر ابھشیک ساہا نے بھی کہا کہ ان کے خیال میں اس ثبوت کے درست ہونے کے امکانات بہت اچھے ہیں۔
تاہم ماہرین کی ابتدائی مثبت آرا کے باوجود اس دعوے کو حتمی کامیابی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے لیے دوسرے ریاضی دانوں کی جانب سے ثبوت کی تفصیلی جانچ اور آزادانہ تصدیق ضروری ہوگی۔
آلپوگے کے مطابق انہوں نے اپنی دریافت کے بارے میں اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی سے بھی رابطہ کیا تھا تاکہ اس کے اعلان کے بارے میں بات کی جاسکے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ترقی جاری ہے۔ اس دعوے کی آزادانہ تصدیق ہوگئی تو یہ اس بات کی ایک اہم مثال بن سکتی ہے کہ مصنوعی ذہانت پیچیدہ سائنسی اور ریاضیاتی مسائل حل کرنے میں بھی انسانوں کی مدد کرسکتی ہے۔



