ٹرمپ اور شی جن پنگ اے آئی کے عسکری فیصلوں میں انسانی مداخلت برقرار رکھنے پر متفق ہوگئے: امریکی وزیرِ خزانہ
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ٹرمپ اور شی جن پنگ فوجی نوعیت کے اے آئی فیصلوں میں انسانی مداخلت برقرار رکھنے پر متفق ہوگئے۔

اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے فوجی فیصلوں میں انسانوں کی شمولیت ہمیشہ لازمی ہونی چاہیے۔
چین کے شہر شینزن میں صدر ٹرمپ اور صدر شی کی ملاقات سے واپسی کے بعد امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یہ اتفاق صدر ٹرمپ کے دورہ ایشیا کی بڑی کامیابیوں میں شامل ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کے لیے استعمال کی جانے والی پسندیدہ اصطلاح ’سپر انٹیلی جنس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ انتہائی اہم بات ہے کہ صدر ٹرمپ اور صدر شی نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ ‘سپر انٹیلی جنس’ کے کسی بھی فوجی فیصلے میں انسانوں کی شمولیت ہمیشہ ہونی چاہیے اور بڑے فوجی اقدامات کے لیے اسے خود مختار ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے‘۔
بیسنٹ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے فوجی استعمال سے متعلق امریکا اور چین کا یہ معاہدہ جس کے تحت انسانی مداخلت اور دیگر حفاظتی اقدامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے، مصنوعی ذہانت میں برتری کے لیے دونوں ممالک کی جاری مسابقت سے متاثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائبر حملوں میں استعمال ہونے والے ’خطرناک‘ چینی اے آئی ماڈلز کے خلاف بہترین دفاع کے طور پر امریکی اے آئی لیبارٹریز کو اپنی ٹیکنالوجی کی برتری برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔



