پاکستان
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، اسلحے اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کے دوران حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان سے بھاری ہتھیاروں، جدید اسلحے اور بڑی مقدار میں بارودی مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کر رکھا تھا۔ فورسز نے کارروائی کے دوران مکان کی تلاشی لی اور کھدائی کے نتیجے میں وہاں چھپائے گئے بھاری ہتھیار برآمد کر لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان میں جدید اسلحے کے علاوہ کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ بھی شامل ہے، جسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ کے ذریعے ڈرون سے مخصوص اشیا یا بارودی مواد گرانے کی صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے۔



