گوگل سرچ انجن کا روایتی انداز بدلنے کا فیصلہ، مشہور سرچ بٹن ختم، اے آئی کے نئے فیچرز متعارف

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے اپنے ہوم پیج میں ایک بڑی تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت روایتی گوگل سرچ بٹن کو ختم کرکے اس کی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، اس اقدام کا مقصد صارفین کے لیے گوگل کے (جیمنائی) اے آئی اور اے آئی موڈ تک رسائی آسان بنانا ہے۔
گوگل کی جانب سے اپنے ہوم پیج کے روایتی ڈیزائن میں شاذ و نادر ہی تبدیلی کی جاتی ہے تاہم مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر کمپنی تقریباً 25 سال بعد اب اپنے سرچ انجن کو نئے انداز میں پیش کر رہی ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئے ڈیسک ٹاپ ہوم پیج کی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں اس نئے انٹرفیس کی مرحلہ وار فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت گوگل سرچ باکس کے نیچے موجود روایتی گوگل سرچ بٹن کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ اس کی جگہ تین نئے آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔
پہلا آپشن نینو بنانا (Nano Banana) کے ذریعے تصاویر بنانے کے لیے ہوگا، جس کی مدد سے صارفین تحریری ہدایات دے کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر تیار کر سکیں گے۔
دوسرا آپشن Ask about files ہوگا، جس کے ذریعے صارفین اپنی فائلز اپ لوڈ کرکے ان کے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے، دستاویزات کا تجزیہ کروا سکیں گے اور مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔
تیسرا آپشن Brainstorm ہوگا، جس کے ذریعے صارفین جیمنائی اے آئی کی مدد سے نئے خیالات، منصوبوں اور تخلیقی کاموں کے لیے تجاویز حاصل کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ گوگل کا روایتی I’m Feeling Lucky بٹن بھی برقرار رکھا گیا ہے، جسے پہلے تبدیل کرنے یا ختم کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔
اے آئی سرچ کی پرانی گفتگو بھی محفوظ اور دستیاب ہوگی
گوگل کے نئے ہوم پیج میں ایک اور اہم تبدیلی بائیں جانب کھلنے اور بند ہونے والی سائیڈ بار کا اضافہ ہے۔
اس سائیڈ بار کے ذریعے صارفین اپنی حالیہ اے آئی موڈ سرچز اور سابقہ گفتگو تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں گے، اس میں پرانی سرچز کھولنے، سابقہ سوالات سے گفتگو آگے بڑھانے اور نئی چیٹ شروع کرنے کی سہولت بھی شامل ہوگی۔



