پاکستان میں جوہری سلامتی سے متعلق عالمی اجلاس کل سے شروع ہوگا

پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کے مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، اجلاس عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ جوہری سلامتی کے تربیتی و معاونتی مراکز کا بین الاقوامی نیٹ ورک 2012 میں قائم ہوا تھا اور اس کے ابتدائی سالانہ اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے، 2016 میں پاکستان نے پہلی مرتبہ ویانا سے باہراجلاس کی میزبانی کی جبکہ 2018 میں جاپان اور 2019 میں چین میں سالانہ اجلاس ہوا۔ 2022 کا اجلاس دوبارہ ویانا میں منعقد کیا گیا،2023 میں تھائی لینڈ کے شہر پٹایا اور2024 میں ویانا نے بھی اجلاس کی میزبانی کی۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چار روزہ اجلاس میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی اوراین ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔



