انٹرنیشنل

چین کو خدشہ ہے امریکا مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس کے جوہری ہتھیاروں کو زیادہ آسانی سے نشانہ بنا سکتا ہے: امریکی اخبار

چین کو خدشہ ہے کہ امریکی مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں جدت چین کے جوہری میزائلوں کا سراغ لگانے اور انہیں تباہ کرنے کے عمل کو آسان بنا سکتی ہے جس سے چین کی جوابی جوہری حملے کی صلاحیت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے چیف چائناکارسپونڈنٹ کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کے 100 سے زائد حالیہ جائزوں کا مطالعہ کیا اور اس حوالے سے ماہرین اور سابق امریکی حکام سے گفتگو کی۔

اخبار کے مطابق چین کو بنیادی تشویش یہ ہے کہ جاسوسی و نگرانی ڈیٹا کے تجزیے اور عین نشانے پر حملے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال امریکی افواج کو اس قابل بنا سکتا ہے کہ وہ محض انسانی آپریٹرز کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے چینی میزائل لانچرز کا پتا لگا سکیں، ان کا تعاقب کر سکیں اور انہیں نشانہ بنا سکیں جس سے چین کی یقینی جوابی کارروائی کی صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے۔

بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے سے امریکا اس قابل ہو سکتا ہے کہ وہ ’فیصلہ سازی کے روایتی عمل کو 15 سے 30 منٹ سے کم کر کے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم وقت تک محدود کر دے‘۔

چین کی جوہری حکمتِ عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ چینی محققین کی نظر میں مصنوعی ذہانت ’ہتھیاروں کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے عمل کو کہیں زیادہ مشکل بنا سکتی ہے‘۔

رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے اندازوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں جبکہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2030 تک یہ ذخیرہ تقریباً ایک ہزار تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس میں سے ہر ایک کے پاس تقریباً 1800 جوہری وار ہیڈز ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چین نے اپنی افواج کو مختلف مقامات پر پھیلانے، شمالی صحراؤں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچ سائیلوز تعمیر کرنے اور جولائی میں آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کر کے اپنے جوہری اثاثوں کی بقا کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔

اس کے ساتھ ہی چینی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی راکٹ فورس اپنے سسٹمز کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں ایسے طریقے شامل ہیں جن کے ذریعے ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل پرواز کے راستے میں خودکار تبدیلی اور دیگر تکنیکوں کی مدد سے دفاعی نظاموں کو چکما دے سکیں۔

تاہم بعض چینی فوجی تحقیقات میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے پراسیس کیا گیا ناقص یا بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں ’فیصلہ سازی کے شدید خطرات‘ پیدا کر سکتا ہے۔

انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر نے نشاندہی کی کہ اگرچہ کوئی بھی میزائل داغنے کا حتمی اختیار مصنوعی ذہانت کو نہیں سونپ رہا لیکن ’وہ تمام معلومات جو آپ کو یہ بتاتی ہیں کہ آیا آپ کو حملہ کرنا چاہیے یا نہیں اب مصنوعی ذہانت ہی مرتب کرے گی‘۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker