ڈیموکریٹس کو 34 سال بعد امریکی ایوانِ نمائندگان میں سب سے بڑی اکثریت مل گئی

امریکا کے وسط مدتی (مِڈٹرم) انتخابات میں ریاست نارتھ کیرولائنا کی ایک اہم نشست جیتنے کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کو ایوانِ نمائندگان (ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز) میں 34 سال سب سے بڑی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے نارتھ کیرولائنا میں ری پبلکن حریف کو شکست دے کر اپنی جماعت کے لیے ایک اور نشست یقینی بنائی ہے۔
حتمی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے 2005 سے اس حلقے کی نمائندگی کرنے والی ری پبلکن رکن ورجینیا فاکس کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور صرف 330 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ یہ حالیہ وسط مدتی انتخابات کے انتہائی سخت مقابلوں میں سے ایک تھا۔
امریکی ایوانِ نمائندگان کی مجموعی 435 نشستوں میں سے چار حلقوں کے نتائج ابھی سامنے آنا باقی ہیں، تاہم ڈیموکریٹس کم از کم 258 نشستیں حاصل کرچکے ہیں۔
چک ہبارڈ کی کامیابی کے بعد کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے۔
ایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ہیکم جیفریز نے سوشل میڈیا پر اس کامیابی کو رواں صدی میں کانگریس کی کسی بھی جماعت کی سب سے بڑی اکثریت قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان میں رواں صدی کی سب سے بڑی پارلیمانی اکثریت حاصل کرلی ہے۔ ہیکم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کا پہلا سیاہ فام اسپیکر بننے کا متوقع امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
1992 کے بعد کسی جماعت کی سب سے بڑی اکثریت
کانگریس کے ریکارڈ کے مطابق ڈیموکریٹس نے آخری مرتبہ 1992 میں ایوانِ نمائندگان کی 258 نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ 2008 میں ان کی نشستوں کی تعداد 257 رہی تھی۔
دوسری جانب ریپبلکن پارٹی کی ایوان میں سب سے بڑی اکثریت 247 نشستوں کی تھی، جو 2015 سے 2017 کے دوران 114ویں کانگریس میں حاصل ہوئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی تاریخ میں اس سے بھی بڑی پارلیمانی اکثریتیں قائم ہوچکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس نے 1930 کی دہائی کے بیشتر عرصے میں 313 یا اس سے زیادہ نشستیں جیتیں، جبکہ 1960 کی دہائی کے وسط اور 1970 کی دہائی کے اواخر میں بھی ان کی نشستیں 290 سے تجاوز کرگئی تھیں۔
ریپبلکنز نے 1920 کی دہائی میں ایوانِ نمائندگان کی زیادہ سے زیادہ 302 نشستیں حاصل کی تھیں۔
ٹرمپ کی معاشی پالیسی اور ایران جنگ پر عوامی ناراضی
ڈیموکریٹس کی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں کامیابی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں اور ایران کے خلاف فروری میں جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر عوامی ناراضی کا اظہار قرار دیا گیا ہے۔
ایران جنگ کے باعث امریکا میں پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جب کہ مختلف عوامی سرویز میں ووٹرز نے مہنگائی، روزمرہ اخراجات اور صدر ٹرمپ کی جانب سے معاشی مسائل سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تشویش اور ناراضی ظاہر کی۔



