این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنےکی تجویز، وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دیدی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ ادارے کی تنظیم نو کے حوالے سے مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے جس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی، بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سکیورٹی کیلئے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کیلئے حتیٰ المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور ادارے کو مؤثر، فعال و جدید بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے این سی سی آئی اے اور اس کے ذیلی دفاتر میں میرٹ کی بنیاد پر آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جبکہ سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے جلد حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے تنظیم نو کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔
محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل یہ کمیٹی رواں ہفتے کے آخر تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔



