پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف
پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون نے پمز اسپتال سے پیدا ہونے والے استعمال شدہ طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت کے سنگین الزام پر تحقیقات کے بعد چھاپہ مارا اور 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد کر کے موقع پر تلف کرا دیا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ پمز کے طبی فضلے کو تلف کرنے کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو دیا گیا تھا، کمپنی اس فضلے کو خود یا تھرڈ پارٹی کے ذریعے انسینریٹ کرنے اور پمز کو تلفی کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی پابند تھی۔
تحقیقات میں یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ کمپنی اور پمز کے بعض افسران و اہلکاروں نے ملی بھگت سے یہ فضلہ تلف کرنے کے بجائے لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر غیر قانونی طور پر فروخت کیا اور یہ فضلہ استعمال میں لایا جاتا رہا۔
ایف آئی اے اے سی سی کی ٹیم نے دوران تحقیقات لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر اس مقام کی نشاندہی کی جہاں استعمال شدہ طبی فضلہ فروخت کیا جا رہا تھا۔ چھاپے کے دوران موقع پر ای پی اے کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا جنہوں نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ یہ فضلہ غیر قانونی طریقے سے استعمال کیا جا رہا تھا اور اسے تلف کرنے کے بجائے دوبارہ استعمال میں لایا جا رہا تھا۔
پمز اسپتال کی مہروں اور نشانات والا 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد ہوا جسے ایف آئی اے کی ہدایت پر ای پی اے کے ذریعے موقع پر انسینریٹ کرا دیا گیا۔
اس غیر قانونی فروخت سے مستفید ہونے والے افراد کے مالی ریکارڈ سے طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت کے شواہد بھی حاصل ہوئے۔
یہ چھاپہ اس لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ استعمال شدہ طبی فضلے کی دوبارہ پروسیسنگ اور پلاسٹک مصنوعات میں استعمال سے ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا سنگین خطرہ لاحق تھا جو عوامی صحت کے لیے ایک خاموش مگر مہلک خطرہ تھا۔
ملزمان کے خلاف دفعات 34، 109، 270، 409 تعزیرات پاکستان بمع دفعہ 5(2) قانون انسداد رشوت ستانی 1947 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے کی تحقیقات ایس آئی شہریار سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔



