امریکی فوج نے 5 ٹن ناکارہ بارودی مواد دھماکے سے تباہ کر دیا

امریکی فوج نے ریاست آئیووا میں تقریباً پانچ ٹن ناکارہ دھماکا خیز کیمیکلز کو تباہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شدید سردی کے باعث بارودی مواد کے اچانک پھٹنے کا خطرہ تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی فوج نے دھماکا خیز مواد کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کیا اور اس کارروائی کے لیے آئیووا کے آرمی ایمونیشن پلانٹ کا انتخاب کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا خیز مواد پرانے اور ناکارہ دھماکہ خیز کیمیکل ’لیڈ ایزائڈ‘ کے ذخیرے پر مشتمل تھا جو گولہ بارود اور ڈیٹونیٹرز بنانے میں استعمال ہوتا ہے، جسے دو کنکریٹ کے بنکرز میں دھماکے سے تلف کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق یہ مواد وقت گزرنے کے ساتھ خراب اور ناقابلِ استعمال ہو چکا تھا اور شدید سردی میں اس کے اچانک دھماکے کا خطرہ تھا، جبکہ اسے کیمیائی طریقے سے بے اثر کرنے کے لیے کنٹینرز کھولنا بھی خطرناک ہو سکتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی شدت سے پیدا ہونے والی دباؤ کی لہر زلزلے کی طرح محسوس ہوئی، اس دھماکے سے قبل پانچ میل کے فاصلے تک علاقے سے لوگوں کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ دستیاب حالات میں دھماکے کے ذریعے اسے تباہ کرنا ہی محفوظ طریقہ تھا۔



