وزیراعلیٰ سندھ کا بلدیاتی انتخابات وقت پرکرانےکا اعلان
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلدیاتی انتخابات وقت پرکرانےکا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ انتخابات نئے اور بہتر بلدیاتی قانون کے تحت ہوں گے، کوشش ہوگی 3 ماہ میں نیا قانون بنالیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نےکہا کہ اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے، تنقید ہرکوئی کرسکتا ہے لیکن یہ ہمارے منشور میں پہلے ہی شامل تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ آجاتے ہیں کہ ہمیں صوبے بنانے ہیں، جب آپ آتے ہیں تو آپ کو تنقید بھی برداشت کرنی پڑتی ہے، ہم بھی تو کرتے ہیں۔ ریفرنڈم کے لیے مجھ سے کسی نے بھی بات نہیں کی، دوسرا سوال یہ ہے کہ ریفرنڈم کس چیز کے لیے ہے؟ مجھے لگتا ہے کہ یہ ریفرنڈم پیسوں کا ضیاع ہے جس کا مقصد کچھ نہیں، اس بعد آپ کو ویسے بھی آئینی طریقہ ہی اپنانا ہے، ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ کسی مسئلے کا حل نظر نہیں آتا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو چیزیں آئین میں واضح موجود ہیں ان پر عمل کرنا چاہیے، صوبائی حدود کی تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منطوری کے بغیر نہیں ہوسکتی، ہم نے پہلے ہی دن اپنا نقطہ نظر دے دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع پر بن رہی ہیں ، حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوادیا ہے ، عدالت سے درخواست کی ہے کہ 15 دن میں ان عمارتوں کا فیصلہ کریں ، اگر توہین عدالت لگائی تو سامنا کرنے کو تیار ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ری سیٹ کرنے جارہے ہیں، ایس بی سی اے میں 17 لوگوں کی نشاندہی اور کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔



