شاہانہ شادی، 4 لاکھ مہمانوں کی شرکت

ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی بڑی شادی کی تقریب میں شرکت کی ہوگی، جس میں اندازاً ایک ہزار، پانچ ہزار یا دس ہزار افراد شریک ہوئے ہوں گے۔ لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی شادی کے چرچے ہیں جس میں 10 ہزار، 50 ہزار یا ایک لاکھ نہیں بلکہ تقریباً 4 لاکھ مہمانوں نے شرکت کی۔
بھارت کی غریب ترین ریاست بہار میں ایک سیاست دان کی جانب سے منعقدہ شادی کی تقریب میں تقریباً 4 لاکھ مہمانوں کی شرکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، جب کہ تقریب کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے تماشائی بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے۔
بھارت میں چھ مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہونے والے اننت سنگھ نے بدھ کو ریاست بہار میں اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں دیہاتیوں، سیاسی اتحادیوں اور اہم شخصیات کو مدعو کیا تھا۔
واضح رہے کہ اننت سنگھ کو قتل سمیت درجنوں مقدمات کا سامنا ہے۔
یہ شادی بھارت میں کئی کئی روز تک جاری رہنے والی مشہور شاہانہ شادیوں کے مقابلے میں بھی غیر معمولی حد تک بڑی تھی۔
اننت سنگھ کے قریبی ساتھی منا سنگھ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ مہمانوں کی تواضع روایتی مٹھائیوں کے 5 لاکھ پیسز اور سبزی پر مشتمل ضیافت سے کی گئی جسے 500 باورچیوں اور خانساماؤں نے تیار کیا تھا۔



