پی آئی اے کی لاپتا پرواز پی کے 404 کا 37 سالہ معمہ حل ہونے کی امید، ممکنہ ملبے کی نشاندہی کر دی گئی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی 37 سال قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والی پرواز پی کے 404 کے بارے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم فصیح علی نے پانچ ماہ کی تحقیق اور جدید سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے تاجکستان کے ایک دور افتادہ گلیشیئر پر ایسی مشکوک ساختوں کی نشاندہی کی ہے جو بظاہر کسی طیارے کے ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
فصیح علی کی اس تحقیق نے پاکستان کی تاریخ کے طویل ترین فضائی معموں میں شمار ہونے والے اس واقعے کو ایک مرتبہ پھر خبروں کا مرکز بنا دیا ہے۔
فصیح علی نے 5 ماہ کی تحقیق سے تاجکستان میں گلیشیئر پر ایسی ساختوں کی نشاندہی کی جو بظاہر طیارے کے ممکنہ ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں
پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 ایک مقامی مسافر پرواز تھی جو 25 اگست 1989 کو گلگت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی لیکن اپنی منزل پر پہنچنے کے بجائے راستے میں پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی۔یہ طیارہ فوکر ایف 27 تھا، جس میں مجموعی طور پر 54 افراد سوار تھے، جن میں 49 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان شامل تھے، مسافروں میں پانچ شیرخوار بچے بھی شامل تھے۔



