انٹرنیشنل

دنیا کی بلند ترین بلندی پر شطرنج کھیلنے کا عالمی ریکارڈ قائم

شطرنج کھیلنے کے شوق نے دو امریکی دوستوں کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک پر پہنچا دیا، جہاں انہوں نے شدید سردی اور دشوار گزار راستوں کے باوجود شطرنج کھیل کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے دو دوستوں نے ایکواڈور کے آتش فشاں پہاڑ چمبورازو کی چوٹی پر سطح سمندر سے 6 ہزار 277 میٹر (20 ہزار 593 فٹ) بلندی پر شطرنج کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 32 سالہ ایڈم وائننگر اور 44 سالہ جوشوا ہوسٹ نے 31 مارچ 2026 کو پہاڑ کی چوٹی پر شطرنج کا مقابلہ کیا۔ اس کارنامے پر انہیں بلند ترین مقام پر بورڈ گیم کھیلنے کا عالمی ریکارڈ دیا گیا ہے۔

دونوں دوستوں کو چوٹی تک پہنچنے کے لیے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید سردی کے باعث انہیں شطرنج کھیلتے وقت بھی دستانے پہننے پڑے، جبکہ ان کے ساتھ جانے والے کئی افراد خراب حالات کی وجہ سے چوٹی تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

ایڈم وائننگر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ شطرنج ان کا پسندیدہ کھیل ہے اور پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھ کر یہ کھیلنے کا تجربہ غیر معمولی تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مقابلے میں کامیابی بھی ایڈم ہی کے حصے میں آئی، جو الٹرا میراتھن رنر ہیں اور بلندی پر جسمانی مشقت برداشت کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔

امریکی دوستوں نے اس سے قبل بھی پہاڑ سر کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم خراب موسم کے باعث انہیں واپس لوٹنا پڑا تھا۔ اس بار انہوں نے سابقہ عالمی ریکارڈ 200 فٹ کے فرق سے توڑ دیا، جو 2024 میں دو برطانوی کوہ پیماؤں نے نیپال کے پہاڑ پوتھا ہنچولی پر قائم کیا تھا۔

دونوں نئے ریکارڈ ہولڈرز کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ان کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوا تو وہ دوبارہ اس سے 200 فٹ زیادہ بلندی پر شطرنج کھیل کر اپنا اعزاز واپس لینے کی کوشش کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker