کراچی : ناردرن بائی پاس کٹی پہاڑی کے قریب بس اور ٹریلر میں تصادم ، بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

کراچی کے سرجانی ٹاؤن ناردرن بائی پاس، زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوسٹر اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔چھیپا انفارمیشن بیورو کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد اور ایک 3 سالہ بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔حادثے کے نتیجے میں کوسٹر کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور متعدد مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔جاں بحق اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ نامعلوم شخص، 17 سالہ نوجوان اور 3 سالہ دنیا امین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی عمریں 27 سے 70 سال کے درمیان ہیں۔حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکالنے اور ہسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری رہا۔



