حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات، پی پی چیئرمین نےمولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے کا معاملہ اٹھایا

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سے حکومتی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کا معاملہ اٹھایا جب کہ حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی۔
حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شریک تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے ملاقات میں شرکت کی۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتی وفد اور چیئرمین پیپلزپارٹی کے درمیان ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



