پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور انتخابی مہم ختم ہونے میں بھی چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے بتایا کہ صوبے میں الیکشن کے لیے تیاریاں پوری ہو چکی ہیں اور 7 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں 50 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 5 لاکھ پولنگ اسٹاف تعینات ہو گا اور پولنگ کا سامان بھی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پہنچا دیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے، این اے 127 لاہور کے معاملے کی انکوائری ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل این اے127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خرید و فروخت کا الزام لگایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے عطا تارڑ کے خلاف پارٹی آفس پر حملے اور کارکنوں کو اغوا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کی859 نشستوں کے لیے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات تقریباً 18 ہزار امیدوار مدمقابل ہوں گے۔



