
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے ملک بھر میں15جنوری سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اورچہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کردیا ، ترجمان نادرا کے مطابق نادرا کی جانب سے ہیڈکوارٹرز میں بائیومیٹرک اور شناختی تصدیقی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر ایک مشاورتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جہاں مختلف شعبوں کے ریگولیٹرز اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے آغاز میں چیئرمین نادرا نے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات اور انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان نے بتایا کہ انگلیوں کے مدھم نشانات والے شہریوں بالخصوص پنشنرز اور بزرگ شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے فوائد اور شہریوں اور اداروں کیلئے پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات پر سیرحاصل گفتگو کی۔ورکشاپ کے شرکا نے بائیومیٹرک نظام سے متعلق نئے منصوبوں اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے باہمی اشتراک اور تعاون کو مستحکم بنانے پر زوردیا۔آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے فوائد اور شہریوں اور اداروں کیلئے پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات پر گفتگو کی۔
شرکا نے نادرا کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے 15 جنوری 2025 سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور ملک بھر میں نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس جدت آمیز سہولت کی بدولت شہریوں کی مختلف خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی اور غیرضروری تاخیر کا خاتمہ ہوگا۔



