پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر17 وزارتیں اور اشرافیہ کو دی جانے والی سبسڈی بند کر کے ہونیوالی بچت کو عوام پر خرچ کریں گے۔
لاہور کے ٹاؤن شپ کرکٹ گراؤنڈ میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور آنے پر ہمارا مذاق اڑانے والوں کو بتائیں کہ یہ شہر پیپلز پارٹی کا ہے۔
ہمارا مذاق اڑاتے ہیں، ہمارے نمبروں پر سوال اٹھاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ ہم لاہور کیوں آئے ہیں۔ انہیں بتائیں کہ لاہور میرا بھی شہر ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہماری تعداد کتنی ہی کم ہے، ہم مکمل طور پر مقابلہ کریں گے۔



