پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کر ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس نے بلند ترین سطح ایک لاکھ 540 پوائنٹس کو چھوا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 813 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 82 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بازار میں آج ایک ارب 16 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 39 ارب 77 کروڑ روپے رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 138ارب روپے بڑھ کر 12 ہزار 716 ارب روپے ہے۔
100 انڈیکس نے 17 ماہ میں 40 ہزار سے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا
یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے 17 ماہ میں 40 ہزار پوائنٹس سے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاشی تجزیہ کار محمد سہیل کا کہنا تھا بلاشبہ یہ بہت بڑا معاشی کارنامہ ہے، 17 ماہ پہلے جب لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کر رہے تھے، پاکستان کو بنانا ری پبلک اور ایک فیل ملک قرار دے رہے تھے، اس ملک کی مارکیٹ نے 150 فیصد کا ریٹرن دیا ہے جو پاکستان کی تاریخ اور دنیا کی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی واحد مثال ہے کہ ایک ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے سے اتنا اچھا ریکور کر گئی ہے۔



