پاکستان

رمضان المبارک کے دوران دسترخوان کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران دسترخوان کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مختلف شاہراہوں پر دسترخوان لگانے کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، اس حوالے سے ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ دستر خوان لگانے کے خواہش مند افراد مکمل تفصیلات کے ساتھ درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ خواہش مند حضرات اپنے شناختی کوائف اور جگہ کی تفصیلات جمع کروا سکتے ہیں اور شہر بھر سے مجموعی طور پر 18 درخواستیں اب تک موصول ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ جگہ کی نشان دہی، سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی، اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد اجازت نامہ جاری کیا جائے گا اور بغیر رجسٹریشن عوامی دستر خوان لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری طرف ملک میں رمضان المبارک کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے محکمۂ داخلہ پنجاب نے ایڈوائزری جاری کردی، محکمۂ داخلہ پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا کہ مساجد، مذہبی مقامات اور رمضان بازاروں کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جائے، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، سحری، افطار، تراویح اور جمعے کے اوقات میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے، عبادت گاہوں کے اطراف میں گشت، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز کو مؤثر بنایا جائے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، افطار کے وقت فیلڈ میں تعینات اہلکاروں کی افطاری کا اہتمام کرنے کا حکم دیا گیا اور محکمۂ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے، انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاؤڈ سپیکرز کے غلط استعمال پر ساؤنڈ سسٹمز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، پنجاب بھر میں اسلحے کی نمائش پر سخت پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے نفرت آمیز اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا ہے، دیواروں پر نازیبا تحریروں اور پوسٹرز کے خاتمے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو ایکشن لینے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker