بزنس
معرکہ حق کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں دوسری بڑی تیزی،100انڈیکس میں7ہزار سے زائدپوائنٹس کا اضافہ

معرکہ حق کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج دوسری بڑی تیزی دیکھی گئی۔
گزشتہ 6 کاروباری روز کی ساڑھے 10 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100انڈیکس کا 7 ہزار پوائنٹس پلٹنا معرکہ حق کے بعد دوسرا بلند ترین اضافہ ہے۔
آج کے اضافے نے 6 دن کی دو تہائی گراوٹ کو برابرکرلیا ہے۔
بھارت کو معرکہ حق میں شکست دینے کے بعد ہوئے 12 مئی کے کاروباری دن میں 100 انڈیکس10 ہزار 123 پوائنٹس بڑھا تھا۔
انڈیکس نےکاروبارکا اختتام 7 ہزار 32 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 65 ہزار 476 پرکیا ہے۔
بازار میں آج ایک ارب 17 کروڑ شیئرز کے سودے 59 ارب روپے میں طے ہوئے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 728 ارب روپے اضافے سے 19 ہزار 105 ارب روپے ہوگئی ہے۔



