
صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ضلع لکی مروت میں تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا جہاں تورواہ کے مقام وانڈہ امیر کے قریب دہشت گردوں نے ایک بار پھر پنجاب جانے والی مین ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، اس حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ مین گیس پائب لائن پھٹنے سے پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی، پولیس اور گیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مرمتی کام شروع کروا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، حکام نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی سازش اور توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ قرار دے دیا کیوں کہ ایک ہفتہ قبل بھی اسی مقام پر دیشت گردوں نے پنجاب جانی والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی تھی جب کہ اس سے قبل بھی مختلف مقامات پر گیس لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا جا چکا ہے۔



