پاکستانی طلبا کو لےکر ایک پرواز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی۔
غیرملکی ائیرلائنز کی پرواز آج رات 11 بجے بشکیک سے لاہور پہنچےگی، غیرملکی ائیر لائنز کی پرواز سے 180 مسافر پاکستان آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرغزستان سے ایک اور پرواز کل پاکستانی طلبا کو لے کر پاکستان پہنچے گی، پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے 1 ہفتے تک بشکیک سے روز ایک پرواز پاکستان پہنچے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی لاہور ائیرپورٹ پر پاکستانی طلبا کا استقبال کریں گے۔
دوسری جانب پاکستانی طلبا پر حملوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے ہمراہ وفاقی وزیر امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔
دونوں وزراء کل صبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، وزیرخارجہ زخمی طلباء کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کےمعاملات کا جائزہ لیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔



