صدر مملکت سے فیلڈ مارشل کی ملاقات، افغان طالبان کے جارحانہ اقدامات پر پاک فوج کے موٴثر جواب سے آگاہ کیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے افغان طالبان کے جارحانہ اقدامات پر پاک فوج کے موٴثر جواب سے آگاہ کیا۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بدھ کو صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں ملاقات کی جب کہ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے صدرِ مملکت کو ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل نے صدر آصف زرداری کو افغان طالبان کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حالیہ صورت حال پر بھی بریفنگ دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغان حملوں کے جواب میں پاک افواج کے مؤثر اور بھرپور ردِعمل سے بھی آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افواج کی قوت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے قوم کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، خصوصاً افغان سرحد پر ہونے والے سرحد پار حملوں کو بروقت اور موٴثر انداز میں پسپا کرنے پر تعریف کی۔
آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
وزیراعظم کی صدر سے ملاقات، قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ملک کی موجودہ سیاسی و سیکیورٹی صورتحال کے علاوہ علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی شامل تھے جو پاکستان کے اسٹریٹجک اور معاشی مفادات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ مصر اور ملائشیا کے دوروں کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور غزہ میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں شامل تھیں۔



