مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ریلوے بالخصوص علاقائی روابط اور بین الاقوامی ٹرین لنکس کے منصوبوں کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے پاکستان ریلوے خصوصاً علاقائی روابط اور بین الاقوامی ٹرین لنکس کے منصوبوں کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے ریلوے کے پراپرٹی اور زمین کے معاملات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس کو پاکستان ریلوے کی بہتری کے حوالےسے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ’رابطہ‘ کے 7 ڈیجیٹل پورٹلز کام کر رہے ہیں، 56 ٹرینوں کو رابطہ پر منتقل کیا گیا ہےجبکہ 54 ریلوے اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے،کراچی، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ریلوے سٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ مزید 48 ریلوے سٹیشنوں پررواں سال 31 دسمبرتک مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق فریٹ آن لائین بکنگ سسٹم متعارف کیا گیا ہے،کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے ڈیجیٹل وہیئنگ برج کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا، اگلے مرحلے میں یہ سہولت پپری، کراچی چھاؤنی ، پورٹ قاسم ، لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے سٹیشنوں کوبھی فراہم کی جائے گی۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن میں مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والے 148 سرویلنس کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور ریلوے اسٹیشنوں پر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جارہی ہیں، ریلوے اسٹیشنوں کے صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے آؤٹ سورسنگ کی گئی ہے، بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے اعلیٰ معیار کی انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں، مسافروں کی سہولت کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر انفارمیشن ڈیسک بنائے گئے ہیں۔



