کراچی میں ایک اور واٹر ٹینکر نے فرسٹ ایئر کے طالبعلم کی زندگی کا چراغ گُل کر دیا

کراچی کی سڑکوں پر ایک اور دن، ایک اور موٹرسائیکل سوار ایک اور ٹینکر کی تیز رفتاری کی بھینٹ چڑھ گیا ، نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر نےفرسٹ ایئر کے طالب علم کی زندگی کا چراغ گُل کردیا ۔
نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب موٹرسائیکل پر جانے والا 21 سالہ عابد اُس وقت زندگی کی بازی ہار گیا جب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اسے روند ڈالا۔
حادثے کے فوراً بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ٹینکر کو آگ لگا دی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا یونٹ موقع پر پہنچا اور ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔
عابد عثمان پبلک ہائی اسکول کا گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا اور وہ گھر سے کالج جانے کے لیے نکلا تھا۔
کراچی: رواں سال ٹریفک حادثات میں ابتک 800 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے
دوسری جانب ریسکیو ادارے نے رواں سال کے دوران ہونے والے ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
شہر میں اب تک 806 افراد مختلف حادثات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 632 مرد 81 خواتین71 بچے22 بچیاں شامل ہیں۔
ریسکیو کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 11 ہزار 596 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ہیوی ٹریفک سے 244 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور انتظامیہ کی حکمت عملی کے باجود حادثات رکنے کا نام نہیں لے رہے ۔



