ملک میں تمام سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ، بلنگ کا نیا نظام متعارف

ملک میں تمام سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا ذرائع نے بتایا ہے کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی کو نیپرا سولر صارفین قوانین 2025ء کا نام دیا گیا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت توانائی نے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، صارفین سے سولر معاہدے کی مدت 7 سال سے کم کرکے 5 سال کردی گئی ہے۔
نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کی مد میں سولر صارفین کو اضافی سرچارج کی جگہ فی یونٹ تبادلہ ملے گا، نئی سولر نیٹ بلنگ کی فی یونٹ قیمت 11 روپے کے لگ بھگ ہو گی، نیٹ میٹرنگ میں سولر صارف 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ قیمت کا فائدہ لیتا تھا، آئندہ 25 کلو واٹ سے کم لوڈ کا لائسنس نیپرا سے لینا لازم ہوگا، پہلے گھریلو، صنعتی، کمرشل صارفین 25 کلو واٹ تک کو لائسنس سے استثنیٰ تھا۔
نیپرا ذرائع نے مزید کہا کہ ’وزارت توانائی، ڈسکوز اور نیپرا نے کئی ماہ تک مشاورت کے بعد یہ پروسیجر مکمل کیا، وزارت توانائی نے وفاقی حکومت کو بتایا کہ نئی پالیسی کے بنا چلنا ممکن نہیں‘، جب کہ اسی حوالے سے وزارت توانائی کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ ’سولر ٹیرف کا تعین نیپرا ریگولیٹرز کی ذمہ داری ہے، صارفین کو اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا، نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام لاگو ہوگا‘۔



