بغیرلائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 20ہزار،کار پر 30 ہزار اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار چالان ہوگا

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہےکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار، کار پر 30 ہزار اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار چالان ہوگا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نےکراچی کے نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ بھی موجود تھے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو سالوں سے جس چیز کا انتظار تھا اب وہ ہونے جا رہا ہے، سندھ حکومت سے جو ہم نے مطالبات کیے تھے اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ہم بغیر ڈرائیورنگ لائسنس کے چالان کو ایک لاکھ تک لے جانے والے تھے۔ مگر سندھ حکومت نے اتنے ہیوی چالان کا منع کردیا۔ اب بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار، کار پر 30 ہزار اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار چالان ہوگا۔
انہوں نے کہ عام شخص کا تاثر یہ ہےکہ شہر میں کیمرے لگ گئے ہیں تو کام آسان ہوگیا ہے جب کہ ایسا نہیں ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر کیا ہے، مگر اسے مزید بہتر کرنےکی ضرورت ہے، جب تک ہم ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا نظام بہتر نہیں کریں گے ٹریفک کا نظام بہتر نہیں ہوسکتا
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ڈرائیوروں کی وہ استعداد ہی نہیں جسے ہم آئیڈیل کہہ سکیں، جب تک ہم ڈرائیونگ لائسنس کو بہتر نہیں کریں گے ٹریفک کا نظام بہتر نہیں ہوسکتا۔



