دنیا کو جنگ اور معاشی بحران سے بچایا، پاکستانی قیادت نوبل امن انعام کی مضبوط امیدوار ہے، فواد چوہدری
اگر پاکستان کی سفارتی کوششیں نہ ہوتیں تو اب تک مشرق وسطیٰ میں ہزاروں نہیں لاکھوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہوتے اور ملکوں کے ملک ملبے کا ڈھیر بن چکے ہوتے؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان

امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں سیزفائر کروانے پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی پاکستان کیلئے نوبل امن انعام کی حمایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث پاکستان کی جانب سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی تھی کہ سفارت کاری کو موقع دینے کیلئے ایران پر حملوں کی ڈیڈ لائن میں 2 ہفتوں کی توسیع کردی جائے، شہباز شریف نے اس سلسلے میں ایران سے بھی آبنائے ہرمز کو 2 ہفتوں کیلئے کھولنے کی درخواست کی تھی، جس پر فریقین کی جانب سے رضا مندی ظاہر کی گئی اور جنگ بندی ہوگئی جس کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے بھی جاری ہیں جن میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امن کا نوبل انعام دینے کا کہا جارہا ہے، اس سلسلے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جی سی سی اور دنیا کو تاریخ کی سب سے بری جنگ اور مکمل معاشی تباہی سے بچایا ہے، پاکستان کی قیادت اب امن کے نوبل انعام کی مضبوط امیدوار ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی سفارتی کوششیں نہ ہوتیں تو اب تک مشرق وسطیٰ میں ہزاروں نہیں لاکھوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہوتے اور ملکوں کے ملک ملبے کا ڈھیر بن چکے ہوتے، اللہٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو اس کی وجہ سے ایران اور عرب ممالک کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ مکمل تباہی سے بچ جائیں، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کی قیادت اگر کسی ایک بات پر متفق ہیں تو وہ پاکستان کا مفاہمانہ کردار ہے۔



