
کراچی کے علاقے شیرشاہ کی گلیاں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج نالوں کی شکل اختیار کرگئیں۔
حالیہ بارشوں کو گزرے ایک ہفتہ گزرچکا ہے لیکن بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گلیوں میں گندا پانی تاحال کھڑا ہے یہ صورتحال علاقے میں تعفن کا سبب بن رہی ہے۔
گندے پانی کی وجہ سے نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ، شہر بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں چراغاں تو کیا گیا مگر مساجد کے دروازوں تک گندا پانی تاحال موجود ہے جہاں سے گزرنے کیلئے بلاکس رکھے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ہفتے ہوئی بارش سے شیر شاہ کی گلیوں میں 1 سے 3 فٹ پانی کھڑا ہوگیا تھا، علاقے کے نالوں میں کچرا بھرنے سے کئی روز تک پانی کی نکاسی نہ ہوسکی۔
گٹر ابلنے سے شیرشاہ کی اہم سڑکیں جناح روڈ، اردو بازار، محمدی روڈ سیوریج نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں ، دوسری جانب 10 دن سے شیرشاہ کی کچرا کنڈیوں سے کچرا نہیں اٹھایا جاسکا جو پھیل کر پوری سڑک تک پھیل گیا۔
کچرے اور مٹی کی آمیزش سے کئی جگہوں پر موجود سیوریج دلدل بن چکا ہے جہاں آئے دن موٹر سائیکل سوار پھنس کر گر جاتے ہیں، اس صورتحال میں خواتین اور بچوں کا سڑکوں اور گلیوں سے گزرنا مشکل ترین امر بن چکاہے۔
ادھر شیرشاہ کی 4 میں سے ایک مرکزی سڑک عالمگیر روڈ پر بلاکس لگا کر ازسرتعمیر نو کی گئی ہے لیکن بارش سے عالمگیر روڈ پر نہ ہی برساتی پانی رکا اور نہ نالے بند ہوئے۔
شہریوں کی جانب سے اردو بازار، محمدی روڈ اور جناح روڈ کی بھی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔



