سکیورٹی فورسز کا آپریشن شعبان جاری، مزید 3 خوارج ہلاک
پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان مشترکہ طور پر جاری ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے تازہ کارروائیوں میں مزید 3 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد67 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک 105 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن شعبان میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گی۔



