لفظ ’’سرداراورنواب‘‘ بولنے اور لکھنے کیخلاف مولانا ہدایت الرحمٰن کل اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے سے سردار نظام کے خاتمے اور نواب ،سردار لفظ بولنے اور لکھنے سے متعلق قرارداد جمع، آج اجلاس میں پیش کی جائیگی ،تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11بجے ہوگا۔
اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن قومی شاہراہوں پر حادثات کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر توجہ دلائو نوٹس پیش کریں گے ۔
اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچستان میں فوری طور پر سرداری نظام کے خاتمے اور بلوچستان میں سردار اور نواب لفظ بولنے اور لکھنے پر پابندی عائد کرنے ، جمعیت علما ء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی دالی تا ماشکیل اور دالی تا بسیمہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے اقدامات ،جمعیت علماء اسلام کی رکن شاہد رئوف بلوچستان کے تمام سرکاری اسکولوں میں عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کروانے جبکہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر علی ترین ضلع پشین میں موجود جامعہ بلوچستان کے سب کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے کی الگ ،الگ قراردادیں پیش کریں گے ۔
اجلاس میں میر غلام قادر بگٹی اسکول آف ایکسیلینس نارتھ ڈیرہ بگٹی کا مسودہ قانون پیش کیاجائے گا ۔ اجلاس میں محکمہ وویمن ڈوپلمنٹ اور محکمہ توانائی سے متعلق سوالات دریافت اور انکے جوابات دئیے جائیں گے۔



