پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات میں 29 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ
پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے،10 ماہ کےدوران درآمدات کا حجم ایک ارب 62 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ مقامی سطح پر موبائل فون کی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کےمطابق پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات میں 29 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے،جولائی سے اپریل کےدوران موبائل فون درآمدات کامجموعی حجم ایک ارب 62 کروڑڈالرتک پہنچ گیا ہے، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں یہ حجم ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تھا۔
رپورٹ کےمطابق صرف اپریل میں موبائل فون درآمدات 176 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ہیں جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ اضافہ 41 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
روپےکی بنیاد پردیکھا جائےتوموبائل فون درآمدات کا مجموعی حجم 455 ارب روپےرہاجبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 349 ارب روپےتھا،مالی سال 2024-25 میں مجموعی موبائل فون درآمدات ایک ارب 49 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
دوسری جانب ملک میں مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ اوراسمبلنگ میں بھی اضافہ دیکھا گیا،مارچ 2026 میں مقامی صنعت نے 27 لاکھ سےزائد موبائل فون تیاریا اسمبل کیےجبکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی پیداوار 73 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی جوگزشتہ سال کےمقابلےمیں 2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔



