گوجرانوالہ: ولیمےکی تقریب کیلئے روانہ دلہا دلہن کی گاڑی پر فائرنگ، دلہن جاں بحق
پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ولیمےکی تقریب کیلئے روانہ دلہا دلہن کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دلہن جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ گوجرانوالہ میں واقعہ سمن آباد چونگی کے قریب گزشتہ رات پیش آیا، جہاں ولیمےکی تقریب میں جاتے ہوئے دلہا دلہن کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں دلہن جاں بحق ہوگئی، مقتولہ کی ایک روز قبل شادی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ دلہا دلہن سفید رنگ کی کار میں سوار تھے، ملزم نےگن پوائنٹ پر گاڑی کو روکا، ملزم نے پیچھے بیٹھی ایک لڑکی کو باہر نکالا اور پھر ملزم نے کار میں بیٹھ کر دلہن کو گولی ماری۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں 3 ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں لڑکی کی دوست بھی نامزد ہے، ملزم لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا، لڑکی کے گھر والوں نے رشتے سے انکار کردیا تھا، ملزم مقتولہ کی دوست لڑکی کا رشتہ دار ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگئے تھے جبکہ پولیس کیس کی مزید تحقیقات کررہی ہے اور ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔



