انٹرنیشنل

ٹرمپ کی سال 2025 کی آمدن 2 ارب ڈالر سے زائد، اپنے نام کی مصنوعات سے لاکھوں ڈالر کی رائلٹی بھی کمائی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے سال کے دوران کرپٹو کرنسی کے کاروبار سے ایک ارب ڈالر سے زائد کمائے جبکہ ان کی مجموعی کمائی 2 ارب ڈالر سے بھی زائد رہی۔

ٹرمپ کی سال 2025 کی 927 صفحات پر مبنی مالیاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ نے ’سیلیبریشن کوائنز‘ نامی ادارے سے 635 ملین ڈالر کی رائلٹی حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے 500 ملین ڈالر سے زائد آمدن ’ورلڈ لبرٹی فنانشل‘ نامی کرپٹو کمپنی سے حاصل کی جسے ان کے بیٹوں اور ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بچوں نے قائم کیا تھا۔

اس کے علاوہ ٹرمپ نے رئیل اسٹیٹ اور اپنے نام سے منسوب مصنوعات سے بھی کروڑوں ڈالر کمائے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ صدارت کے منصب سے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

تازہ مالیاتی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں ٹرمپ کی مجموعی آمدن کم از کم 2.2 ارب ڈالر رہی، جو 2024 میں کمائے گئے 600 ملین ڈالر کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرپٹو سے حاصل ہونے والی آمدن نے ان کے رئیل اسٹیٹ کاروبار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو ٹرمپ کی شہرت کا بنیادی ذریعہ رہا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے مارا لاگو کلب سے تقریباً 77 ملین ڈالر اور فلوریڈا کے شہر ڈورال میں واقع گالف کلب سے 122 ملین ڈالر کمائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے نیو جرسی، فلوریڈا اور اسکاٹ لینڈ واقع گالف کلبز سے بھی 30، 30 ملین ڈالر سے زائد آمدن حاصل کی۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے دیگر کاروباری سرگرمیوں سے بھی کروڑوں ڈالر کمائے، جن میں ٹرمپ برانڈڈ گھڑیوں، جوتوں، خوشبوؤں اور گٹار جیسی مصنوعات سے ملنے والی 4.7 ملین ڈالر کی رائلٹی شامل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker