انٹرنیشنل

ایلون مسک کی دولت میں اچانک 22 ارب ڈالر کا اضافہ، مجموعی اثاثے ایک کھرب ڈالر سے متجاوز

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی دولت میں ایک ہی دن میں تقریباً 22 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ان کے مجموعی اثاثے دوبارہ ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی دولت بڑھ کر 1.012 کھرب ڈالر ہوگئی، جو ایک روز پہلے کے مقابلے میں 2.15 فیصد زیادہ تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے حصص میں گراوٹ کے باعث مسک کی دولت میں 36 ارب ڈالر کی کمی ہوئی تھی اور وہ عارضی طور پر کھرب پتی کی فہرست سے نیچے آگئے تھے۔ تاہم جمعے کو دونوں کمپنیوں کے حصص میں تیزی نے ان کی دولت میں دوبارہ اضافہ کردیا۔

ٹیسلا کے حصص میں جمعے کی صبح ڈھائی فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کی ایک وجہ چین کی پیسنجر کار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار تھے، جن کے مطابق شنگھائی میں تیار ہونے والی ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں، جن میں ماڈل 3 اور ماڈل وائی شامل ہیں، کی فروخت ستمبر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد بڑھ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں شنگھائی فیکٹری میں تیار ہونے والی ٹیسلا گاڑیوں کی فروخت 95 ہزار 366 یونٹس رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 90 ہزار 812 تھی۔

ٹیسلا نے اس سے چند روز قبل رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں 4 لاکھ 86 ہزار 532 گاڑیاں فراہم کرنے کی اطلاع دی تھی، جو تجزیہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ تھیں۔ کمپنی کے لیے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ اہم ہے، کیونکہ وہ مسلسل تیسرے سال سالانہ فروخت میں کمی سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب اسپیس ایکس کے حصص میں بھی جمعے کی صبح تقریباً ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی نے کم فریکوئنسی والے وائرلیس اسپیکٹرم کے ملک گیر لائسنسوں کا پورٹ فولیو خریدنے پر اتفاق کیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 8 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔

اس معاہدے سے اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک کے مجوزہ موبائل منصوبے کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق 800 میگاہرٹز اسپیکٹرم کی مدد سے اسٹارلنک موبائل سروس زیادہ وسیع علاقے میں رابطے کی سہولت فراہم کرسکے گی۔

ایلون مسک پہلی مرتبہ 12 جون کو اسپیس ایکس کے اسٹاک مارکیٹ میں آنے کے بعد ایک کھرب ڈالر سے زیادہ دولت کے مالک بنے تھے، تاہم چند روز بعد کمپنی کے حصص میں کئی روز کے دوران 31 فیصد گراوٹ اور ٹیسلا کے 116 ارب ڈالر مالیت کے حصص پر نئی پابندیوں کے باعث ان کی دولت دوبارہ اس حد سے نیچے آگئی تھی۔ جمعے کو ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے حصص میں اضافے کے بعد وہ ایک بار پھر کھرب پتی بن گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker