ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2 ہزار ڈالر قیمت کے ساتھ مارکیٹ میں آگیا

ایپل کا پہلا فولڈ ایبل فون ’آئی فون ڈیو‘ دنیا بھر کے اسٹورز پر فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔ اس کی قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالر ہے، تاہم دستیابی محدود ہونے کے باعث خریداروں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اس بار فون کی لانچنگ پر ماضی کے آئی فونز جیسا جوش و خروش بھی نسبتاً کم دکھائی دیا۔
سنگاپور اور شنگھائی سے لے کر لندن اور سان فرانسسکو تک فون کی طلب خاصی رہی لیکن فروخت محدود ہونے کے باعث اسٹورز کے باہر طویل قطاریں اور رات بھر انتظار کرنے والوں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کم تھی۔
سام سنگ الیکٹرانکس اور ہواوے جیسی کمپنیاں کئی برس سے مہنگے فولڈ ایبل فون فروخت کر رہی ہیں۔ اب آئی فون ڈیو کی کامیابی سے یہ اندازہ ہوگا کہ آیا ایپل فولڈ ہونے والے موبائل فونز کی محدود مارکیٹ کو اسی طرح وسعت دے سکتا ہے جس طرح آئی فون نے اسمارٹ فونز کی دنیا بدل دی تھی۔
یہ ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جان ٹرنَس کے لیے بھی ایک ابتدائی امتحان ہے۔ سابق ہارڈویئر سربراہ ٹرنَس نے ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد اس فون کی رونمائی کی تھی۔
ایپل نے فی صارف زیادہ سے زیادہ دو فونز کے پری آرڈر کی اجازت دی اور اسٹور پر آکر خریداری کو بھی محدود رکھا۔ چین، فرانس، ہانگ کانگ، بھارت اور جاپان میں یہ فون صرف ان صارفین کو دستیاب تھے جنہوں نے آن لائن آرڈر دیا تھا۔
سڈنی میں، جہاں ایپل کے ایک اسٹور پر یہ نئے فون جمعے کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے، مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے اسٹور کھلنے سے پہلے ہی لوگوں کی قطار لگ گئی۔
48 سالہ انجینئر سائمن کرشنن نے 512 جی بی اسٹوریج والا آئی فون ڈیو 3,899 آسٹریلوی ڈالر، یعنی 2,734 امریکی ڈالر میں خریدا۔ ان کا کہنا تھا، ”میرے لیے یہ کسی حد تک ایک لگژری چیز ہے، کیونکہ یہ بہت مہنگا ہے، لیکن میں نے سوچا کہ زندگی بہت مختصر ہے۔“
ایپل کے سی ای او جان ٹرنَس نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ایک اسٹور کے دروازے کھول کر صارفین کا استقبال کیا اور ان سے ہاتھ ملایا۔ سی بی ایس آسٹن کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں یہ مناظر دکھائے گئے۔



