سانحہ بلدیہ فیکٹری کے متاثرین اور مزدور تنظیموں نےکیس دوبارہ کھولنےکا مطالبہ کردیا

سانحہ بلدیہ فیکٹری کے متاثرین اور مزدور تنظیموں نے کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی پریس کلب پر متاثرین سانحہ بلدیہ فیکٹری اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں جنرل سیکرٹری نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان ناصر منصور اور سینیئر نائب صدر پاکستان ورکرز فیڈریشن زہرا خان سمیت دیگر مزدور رہنما شامل تھے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے ہمارے مؤقف کو مزید تقویت دی ہےکہ المناک سانحہ کے اصل ذمہ دار فیکٹری مالکان اور حکومتی ادارے تھے، اصل ذمہ داروں کو بچانےکے لیے مقدمےکا رخ ایک مخصوص سمت میں موڑا گیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کیس کے دو اہم ملزمان عبدالرحمان بھولا اور زبیر چریہ کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہےکہ 250 سے زائد مزدوروں کی ہلاکت کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے۔ مقررین اور متاثرین سانحہ بلدیہ نے مطالبہ کیا ہےکہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کو اس زاویے سے دوبارہ دیکھا جائے کہ اس انسانی المیے کے اصل ذمہ داروں کو ان کے جرم کی سزا ملے اور فیکٹری مالکان سمیت تمام ذمہ دار افراد اور اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے متاثرین سےکیےگئے وعدے اور معاوضے کی فراہمی کے لیےکیےگئے بیشتر وعدے آج بھی پورے نہیں ہوئے۔



