پاکستان

پاکستان نے نورستان میں مبینہ تشدد سے متعلق افغان طالبان رجیم کے الزامات مسترد کردیے

وزارت اطلاعات نے افغان طالبان رجیم کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان سکیورٹی فورسز یا انٹیلیجنس اداروں کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی اندرونی جھڑپوں میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔

پاکستان نے داعش یا کسی دہشتگرد گروہ کو سہولت فراہم کرنے کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے اور نہ کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد سامنے آئے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا کی مبینہ ویڈیو میں چند غیرمسلح افراد دکھائے گئے۔ ویڈیو میں افراد مناسب لباس یا سازوسامان سے بھی لیس نہیں اور ویڈیو افغان طالبان رجیم کی جانب سے طے شدہ انداز میں بنائی لگتی ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی کی عالمی رپورٹس میں سامنے آئی ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹس میں بھی افغان دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، پاکستان سے تعلق جوڑنے کی کوششیں افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی موجودگی نہیں چھپا سکتیں۔

فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں اور سازگار ماحول حاصل ہے، طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کی معاونت کا الزام باعثِ حیرت ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا کہ افغانستان سے سرگرم دہشتگرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں، طالبان رجیم کو بے بنیاد الزامات کے بجائے اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، اس عزم کی پاسداری ضروری ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ طالبان رجیم کے دعوے اندرونی اختلافات اور خواتین، بچوں و اقلیتوں پر جبر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker