پاکستان
مری: اسکول وین میں آگ لگنےکے واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
مری: انگوری روڈ پر اسکول وین میں آگ لگنےکے واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق اسکول وین میں ڈرائیور سمیت 11 افراد سوار تھے جن کی موجودگی مقررہ گنجائش سے زائد تھی۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول وین میں 8 افراد کی گنجائش تھی، گاڑی میں سوار تمام 11 افراد آگ لگنے سے زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق انگوری روڈ پر اسکول وین میں آگ مبینہ طور پربیٹری میں اسپارکنگ سے لگی اور حادثے کے وقت گاڑی میں فائربجھانےکا آلہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ کچھ بچوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔



