ایمازون کے جدید ٹیبلٹس متعارف، قیمت کیا ہوگی؟

واشنگٹن : امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون نے اپنے فائر ٹیبلٹس کی تیاری مرحلہ وار ختم کرکے ان کی جگہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی نئے الیکسا ٹیبلٹس متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
کمپنی کے مطابق فائر ٹیبلٹس کی نئی یونٹس کی تیاری روک دی گئی ہے، تاہم صرف موجودہ اسٹاک فروخت ہونے تک صارفین یہ ڈیوائسز خرید سکیں گے۔
ایمازون نے واضح کیا ہے کہ آخری فائر ٹیبلٹس کی ترسیل کے بعد ان ڈیوائسز کو مزید چار سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
ایمازون کے کنزیومر الیکٹرانکس کے سربراہ پینوس پانے نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا کہ فائر ٹیبلٹس صارفین کی توقعات اور ضروریات پوری نہیں کر رہے تھے، جس کے باعث کمپنی نے نئی سمت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایمیزون نے ابتدائی طور پر الیکسا ٹیبلٹس کے تین ماڈلز متعارف کرائے ہیں، الیکسا ٹیبلٹ 8 کی ابتدائی قیمت 229.99 ڈالر، الیکسا ٹیبلٹ 11 کی قیمت 329.99 ڈالر جبکہ الیکسا ٹیبلٹ 12 پرو کی قیمت 499.99 ڈالر سے شروع ہوگی۔
12پرو کا ایک خصوصی نینومیٹ ورژن بھی دستیاب ہوگا، جس میں اسکرین پر روشنی کے انعکاس کو کم کرنے والی تہہ موجود ہے اور اس کی ابتدائی قیمت 549.99 ڈالر رکھی گئی ہے۔
نئے ٹیبلٹس کی قیمتیں فائر سیریز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہیں، جس سے ایمیزون نے انہیں نسبتاً پریمیم ڈیوائسز کے طور پر پیش کیا ہے۔ 11 اور 12 پرو ماڈلز میں بڑے ڈسپلے کے ساتھ ایلومینیم ڈیزائن دیا گیا ہے۔
اگرچہ فائر ٹیبلٹس بھی اینڈرائیڈ پر مبنی فائر او ایس استعمال کرتے تھے، تاہم نئے الیکسا ٹیبلٹس میں سب سے بڑا فرق یہ ہے کہ ان میں ایمیزون کا کسٹم فائر او ایس استعمال نہیں ہوگا۔
نئے ٹیبلٹس مین اسٹریم اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلیں گے اور صارفین کو گوگل پلے اسٹور تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ایمیزون کے مطابق الیکسا ٹیبلٹس کی ترسیل 14 اکتوبر سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں موسم خزاں میں مزید ہارڈویئر مصنوعات کے اعلانات بھی متوقع ہیں، تاہم فی الحال ایمیزون برانڈ کے تحت کسی لیپ ٹاپ کی تیاری کا منصوبہ نہیں۔
ایمیزون کی جانب سے فائر ٹیبلٹس سے الیکسا ٹیبلٹس کی طرف منتقلی کو کمپنی کی ہارڈویئر حکمت عملی میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ نئی ڈیوائسز میں زیادہ قیمت، پریمیم ڈیزائن اور مکمل اینڈرائیڈ ماحول کے ذریعے صارفین کو زیادہ وسیع ایپ ایکو سسٹم فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔



