
سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلادیش کے خلاف قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنالیے ہیں جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے مزید 283 رنز درکارہیں۔
آج چوتھے دن کا آغاز پاکستانی اوپنر اذان اویس اور عبد اللہ فضل نے کیا مگر 27 کے مجموعی اسکور پر عبد اللہ فضل 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار ہوئے، اس کے بعد اذان اویس بھی 41 کے مجموعے 21 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
دو وکٹ کے نقصان کےبعد بابر اعظم اور شان مسعود نے اچھی شراکت قائم کی تاہم بابر اعظم 52 گیندوں پر 47 رنز بنا کر تیج الاسلام کا شکار بن گئے جبکہ شان مسعود 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
واضح رہے سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 232 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور 46 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔
بنگلادیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے اور 46 رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا۔



