سول ایوی ایشن پاکستان کی ہدایت پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ میں ججز اور ان کی بیگمات کو ہوائی اڈوں پر تلاشی سے مستثنیٰ قرار دے دیا جس کے تحت ملک بھر کے کسی بھی ایئر پورٹ پر چیف جسٹس سمیت حاضر سروس ججز اور ان کی بیگمات کی تلاشی نہیں لی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ججز اور ان کی بیگمات کی تلاشی سے استثنیٰ کا حکم نامہ 12 اکتوبر کو جاری ہوا، سیکرٹری ایوی ایشن نے تلاشی سے استثنیٰ کا حکم سپریم کورٹ کی ہدایت پر جاری کیا، جس پر عمل درآمد کا آغاز ہوچکا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ساتھ دیگر حاضر سروس ججز اور ان کی بیگمات کی تلاشی نہیں لی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے 21 ستمبر کو ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن کے نام لکھے جانے والے ایک خط میں ججز کے لیے ایئرپورٹ پر خصوصی انٹری پاسز دیئے جانے کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے 12 اکتوبر کو نوٹی فکیشن جاری کیا، جس میں ججز کو ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تلاشی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔



