
پاکستان میں سولر پینلز کی درآمدات کی آڑ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرنے والی کمپنیوں پر اربوں روپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔
ڈائریکٹر کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کی تحقیقات پر ایف بی آر نے 13 جعلی درآمدی کمپنیوں پر مجموعی طور پر 111 ارب روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
ایف بی آر کے مطابق جعلی کمپنیوں نے سولر پینلز کی درآمد ظاہر کر کے ملک سے 120 ارب روپے بیرون ملک منتقل کیے اور جعلساز کمپنیوں کے نیٹ ورک نے فرضی کاغذات پر 140ارب روپے بینک میں جمع کیے۔
ایف بی آر کے مطابق 13 جعلساز کمپنیوں کا تعلق پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سے ہے جبکہ 327 کنٹینرز پر مشتمل سولر پینلز کراچی کی مختلف بندرگاہوں پر موجود ہیں، ان کی نیلامی سے حکومت کو ایک ارب 50 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے۔



